گلبرگہ19؍ستمبر( اعتماد نیوز): مسلمانوں کے بارے میں گمراہ کن و اشتعال
انگیز بیان بازی کرنے والے بی جے پی کے ممبران لوک سبھا اور وزراء کے خلاف
پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی گلبرگہ ضلع شاخ نے آج گلبرگہ میں زبردست احتجاجی
مظاہرہ منظم کیا۔ تماپوری سرکل سے منی ودھان سودھا تک احتجاجی ریالی نکالی
گئی جس میں دینی مدارس کے طلباء و اساتذہ اور آئمہ و موذنین کی کثیر تعداد
شریک رہی ۔ منی ودھان سودھا میں مظاہرین کو مخاطب کرتے ہوئے سید ذاکر ضلعی
صدر پاپولر فرنٹ نے اس بات پرسخت احتجاج کیا کہ این ڈی اے کی حکومت نے
مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اور گمراہ کن پروپگنڈہ کرنے کی کھلی چھوٹ دی
گئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ممبران لوک سبھا یوگی آدتیہ ناتھ
اور ساکشی مہاراج نے اُتر پردیش میں ضمنی انتخابات کے پیش نظر مسلمانوں کے
خلاف اشتعال انگیز بیان بازی کے ذریعہ فرقہ وارانہ کشیدگی اور منافرت پیدا
کرنے کی کوشش کی ۔ اُنہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے والوں
پر روک لگانا اور اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنا الیکشن کمیشن مرکزی و
ریاستی حکومتوں کی دستوری ذمہ داری ہے ۔ شاہد نصیر رکن مجلس شوریٰ ریاست
کرناٹک نے گوشت ایکسپورٹ کی آمدنی کو دہشت گردی کے فروغ کے لئے استعمال کئے
جانے کے منیکاگاندھی کے بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت
کی ایک ذمہ دار وزیر ہوتے ہوئے منیکاگاندھی کو ایسا بیان نہیں دینا چاہئے
تھا۔ اُنہوں نے اس بات سخت حیرت و تعجب کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت نے
منیکا گاندھی کے شرانگیز متازعہ بیان سے اظہار لا تعلقی بھی نہیں کیا ۔
ڈپٹی کمشنر گلبرگہ کی معرفت سے صدر جمہوریہ ہند اوروزیر اعظم کو یادداشتیں
روانہ کی گئیں ہیں جن میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے والے بی جے پی کے
ممبران لوک سبھا اور وزراء کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کرنے اور ملک میں
فرقہ وارانہ یکجہتی کی فضاء کو مکدر کرنے کی کسی کو اجازت نہ دینے کے پرزور
مطالبات کئے گئے ہیں ۔ احتجاجی مظاہرہ میں محمد محسن ضلعی جنرل سیکریٹری
پاپولر فرنٹ، مولانا عبدالقادر ضلعی صدر آل انڈیا امامس کونسل، شیخ سراج
پاشاہ ضلعی صدر ایس ڈی پی آئی ، محمد فہیم حبیب الدین سرمست، و دیگر اصحاب
نے حصہ لیا۔